مشہور شخصیتوں کی شیروانیاں سینے والے درزی اختر مہدی

   

علی گڑھ: 10 جون (ایجنسیز) وی آئی پی یا فلمی دنیا کی اہم شخصیات کے فون اکثر اختر مہدی کو آتے رہتے ہیں جن میں سیف علی خان بھی شامل ہیں۔ اختر مہدی علی گڑھ کے مشہور درزی مہدی حسن کے صاحبزادے ہیں۔ انہیں اپنے والد سے وراثت میں شیروانی سلائی کی روایت اور ہنر حاصل ہوا اور ساتھ ساتھ ملک کی مشہور و معروف شخصیات کے لیے شیروانی سلائی کرنے کا شرف بھی۔ اختر مہدی نے بتایا کہ ان کے والد ملک کے مرحوم صدر ذاکر حسین کے لیے تقریباً 18 سال تک مسلسل شیروانیاں سلائی کرتے رہے۔ دکان کے ریکارڈ کے مطابق صرف ذاکر حسین کے لیے 178 شیروانیاں سلائی کی گئیں۔ مہدی حسن ٹیلرز کی تیار کردہ شیروانی کو ملک کی بااثر شخصیات جیسے متعدد صدور، وزرائے اعظم اور سیاسی شخصیات سے لے کر بالی ووڈ ستاروں تک نے زیب تن کیا۔ ان میں سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام، آنجہانی صدر پرنب مکھرجی، سابق صدر رام ناتھ کووند، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ جیسی کئی اہم شخصیتیں شامل ہیں۔