واشنگٹن: امریکی افواج کو کئی جنگوں میں فتح دلوانے اور جنگ میں اہم کردار ادا کرنے والا مشہور بحری بیڑہ ’کٹی ہاک‘ ایک ڈالر میں نیلام ہوگیا ہے اور اب اسے شپ بریکنگ سے گزار کر ٹکڑوں میں تقسیم کیا جائے گا۔70 کی دہائی میں عالمی سمندروں پر امریکی قوت کی علامت، ویت نام اور جنگِ خلیج میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والا کٹی ہاک بیڑہ ، یو ایس ایس کٹی ہاک اب واشنگٹن سے ٹیکساس کے سفر پر روانہ ہوچکا ہے جہاں اسے کباڑ کے ٹکڑوں میں کاٹ کر دوبارہ استعمال یا فروخت کیا جائے گا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ برس اسے ’انٹرنیشنل شپ بریکنگ لمیٹڈ‘ نامی کمپنی نے اسے امریکی بحریہ سے صرف ایک ڈالر میں خریدا کیونکہ اس کا تیا پانچہ کرنے میں خطیر رقم خرچ ہوگی اور حاصل شدہ منافع کم ہوسکتا ہے۔ یو ایس ایس کٹی ہاک کی مجموعی لمبائی 1047 فٹ اور چوڑائی 252 فٹ ہے۔