ایک شخص شدید زخمی ، علاقہ میں خوف کا ماحول
حیدرآباد ۔ 19 اگست (سیاست نیوز) مشیرآباد کے علاقہ بھولکپور میں کیمیکل دھماکہ سے کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بھولکپور کے ایک اسکراپ گودام میں پیش آئے واقعہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ زخمی اسکراپ گودام کا مالک بتایا ہے جس کی شناخت سراج الدین کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اس دھماکہ کے سبب علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی اور اسکول کی عمارت قریب ہونے کے سبب کچھ دیر کیلئے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ اطلاع کے فوری بعد سابقہ کارپوریٹر واجد حسین مقام حادثہ پہنچ گئے اور مقامی عوام کے ہمراہ زخمی کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا۔ دھماکہ کے فوری بعد آگ نے اسکراپ گودام کو لپیٹ میں لے لیا اور اسکراپ گودام مالک بھی اس حادثہ میں شدید طور پر جھلس گیا اور مقام حادثہ دلخراش مناظر پیش کررہا تھا۔ شدید جھلسی ہوئی حالت میں مقامی عوام کی مدد سے پولیس نے سراج الدین کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ اسکراپ گودام میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے فوری فائر انجن کو طلب کرلیا گیا تھا اور اس دوران پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی مقام واردات پہنچ گئے اور معائنہ کیا۔ پولیس نے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے کلوز ٹیم کو طلب کرلیا۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چکڑ پلی ڈیویژن یادگیری نے مقام حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ اس اسکراپ گودام میں جہاں دھماکہ پیش آیا، ایک کیمیکل کی ڈبی کے پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔ اے سی پی نے بتایا کہ میلہ مٹینم نامی چھوٹی سی کیمیکل کی ڈبی سے دھماکہ پیش آیا اور آگ پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس دھماکہ کی اصل وجہ کیمیکل کی ڈبی تصور کی جارہی ہے۔ تاہم پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کو انجام دے رہی ہے۔ دھماکہ کے سبب علاقہ میں خوف پیدا ہوگیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ سراج الدین کا تعلق ریاست اترپردیش سے ہے جو گذشتہ تین ماہ سے یہاں اسکراپ کا کاروبار کررہا تھا۔ مشیرآباد پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع