قاہرہ: قدیم مصری تہذیب سے اگرچہ کئی عجیب و غریب ممی دریافت ہوئی ہیں لیکن اب ایک ممی کو کھولے بغیر معلوم ہوا ہے کہ اسے 49 قیمتی تعویز گنڈوں سے سجایا گیا تھا جن میں ایک بھنورے کی شکل دوسرا دل بھی شامل ہے جو مکمل طور پر سونے کا بنا ہوا ہے۔نوعمر لڑکے کو 2300 سال قبل ممی میں ڈھالا گیا تھا جسے ایکسرے اور دیگر آلات سے دیکھا گیا ہے۔ چونکہ مصری، بلیوں کی طرح بھنوروں کو بھی مقدس تصور کرتے تھے اور اسی وجہ سے ایک سونے کا بھنورا بنا کر اسے دل کے قریب لگایا گیا ہے۔ اسے غالباً دوسرے دل کے طور پر نصب کیا گیا ہے۔1916 میں دریافت ہونے والی یہ ممی قاہرہ کے عجائب گھر میں کھلے بغیر رکھی تھی اور 300 قبل مسیح میں بطلیموسی عہد میں بنائی گئی تھی۔ اب جامعہ قاہرہ کی سحرسلیم اور ان کے ساتھیوں نے اسے ڈیجیٹل انداز میں پرت در پرت کھولا ہے۔