مصر میں اپنی بچّی فروخت کرنے والا باپ گرفتار

   

قاہرہ : مصر میں سیکورٹی فورسز نے ایک شخص کو اْس وقت حراست میں لے لیا جب وہ اپنی دو سالہ بچی کو 50 ہزار مصری پاؤنڈ (3200 ڈالر) میں ایک شخص کو فروخت کر رہا تھا۔الدقہلیہ میں انسداد جرائم کی انتظامیہ کے افسران المنصورہ شہر میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے دوران بچی کے باپ (35 سالہ) کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ باپ نے فیس بک پر اپنی بچی کو فروخت کے واسطے پیش کیا۔ اس پر ایک شخص نے باپ سے رابطہ کیا اور پھر شہر کی شارع الجیش پر اس خرید و فروخت کی کارروائی عمل میں لانا طے پایا۔بچی کا باپ بلجائی گاؤں میں مقیم ہے۔ اس نے بچی کو فروخت کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسے بچی کے نسب میں شک ہے جس کو اس کی متوفی بیوی نے جنم دیا تھا۔