قاہرہ : مصر کی گورنری القلیوبیہ میں ایک مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اترکرالٹ گئی ہیں جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور کم سے کم 100 زخمی ہوگئے ہیں۔حادثہ کا شکار ہونے والی مسافر ٹرین دارالحکومت قاہرہ سے ساحلی شہر المنصورہ جارہی تھی۔عینی شاہدین نے العربیہ کو بتایا ہے کہ حادثہ کے بعد بہت سے مسافر بوگیوں میں پھنس کررہ گئے تھے۔قلیوبیہ کے گورنر کا کہنا ہے کہ اتوار کو یہ حادثہ قاہرہ سے شمال میں واقع بنہا شہر کے نزدیک طوخ میں پیش آیا ہے۔انھوں نے ٹرین کی آٹھ بوگیوں کے پٹڑی سے اترنے کی اطلاع دی ہے۔ حادثے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی تھیں اور وزارت صحت نے جائے حادثہ پر کم سے کم پچاس ایمبولینس گاڑیاں روانہ کی تھیں۔مقامی میڈیا کے مطابق حادثہ کے بعد حکام نے اس ٹرین کے ڈرائیور ،اس کے معاون اور آٹھ دیگر افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔