نئی دہلی: ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اتوار کو کہا کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ عرب جمہوریہ مصر کے صدر یوم جمہوریہ ہندپر مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے السیسی کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا، جسے 16 اکتوبر کو وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے مصر کے صدر کے حوالے کیا تھا۔ دونوں ممالک اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کو 2022-23 میں G-20 کی ہندوستان کی صدارت کے دوران مہمان ملک کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
ہندوستان اور مصر کے درمیان تہذیبی اور عوام سے عوام کے تعلقات پر مبنی گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ اتحادی ممالک کے قائدین نے 1950 سے یوم جمہوریہ کی تقریبات کی رونق بڑھائی ہے، جب انڈونیشیا کے اس وقت کے صدر سوکارنو کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔
سال 2021 میں اس وقت کے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا لیکن انہیں برطانیہ میں بڑھتے ہوئے COVID-19 کیسز کی وجہ سے اپنا ہندوستان کا دورہ منسوخ کرنا پڑا تھا۔اس سال ہندوستان نے پانچ وسطی ایشیائی جمہوریہ کے لیڈران کو یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے بطور مہمان خصوصی ہند۔وسطی ایشیا سمٹ کے لیے دہلی آنے کی دعوت دی تھی۔ سابق امریکی صدر براک اوباما (2015)، روسی صدر ولادیمیر پوتن (2007)، فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی (2008) اور فرانسوا اولاند (2016) بھی ماضی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی رہ چکے ہیں۔