مظفرنگر کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں کرانے کا مطالبہ

   

نئی دہلی : عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سنجے سنگھ نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں بیٹیوں کی حفاظت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اتر پردیش کے مظفر نگر میں لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعہ کی فاسٹ ٹریک عدالت میں سماعت کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ 18 نومبر کو مظفر نگر سے 17 لڑکیوں کو پریکٹیکل امتحان کے نام پر لے جا کر پرائیویٹ اسکول میں رکھا گیا تھا۔ بعد میں نشہ آور چیز ملی کھچڑی کھلاکر اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ان لڑکیوں کو ڈرایا دھمکایا گیا تاکہ وہ اس واقعے کی اطلاع نہ دیں۔ ان میں سے ایک لڑکی نے واقعے کے کئی دن بعد گھر والوں کو اس کی اطلاع دی۔ گھر والوں نے پولیس میں ایف آئی آر درج کرنے کی کوشش کی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ سے شکایت کرنے کے بعد معاملہ درج کیا گیا۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ اس معاملے کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں ہونی چاہیے تاکہ مجرموں کو چھ ماہ کے اندر سزا دی جا سکے ، جس سے اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہو سکیں۔