نئی دہلی، 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے سپریم کورٹ کو چہارشنبہ کو بتایا کہ مظفرپور شیلٹر ہوم میں کسی لڑکی کو قتل نہیں کیا گیا ساتھ ہی جانچ میں ملے پنجر ہوم شیلٹر کے لڑکیوں کے نہیں ہیں۔ اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے جانچ کی پوزیشن رپورٹ پیش کرتے ہوئے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی بنچ کو بتایا کہ مظفرپور سمیت 17 ہوم شیلٹروں کے معاملے میں جانچ پوری کرلی گئی ہے ۔ سی بی آئی نے کہا ہے کہ مظفرپور ہوم شیلٹر میں جن بچوں کو قتل کئے جانے کا الزام لگایا گیا تھا، وہ بعد میں زندہ ملے ۔ جانچ ایجنسی نے کہا ہے کہ مظفرپور ہوم شیلٹر میں بچوں کی آبروریزی، جنسی زیادتی کے الزامات کی جانچ کی گئی ہے اور عدالتوں میں چارج شیٹ داخل کئے گئے ہیں۔ ہوم شیلٹر معاملے میں جرائم کے دیگر پہلوؤں سے متعلق پوزیشن رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے ۔ بنچ نے پوزیشن رپورٹ قبول کرتے ہوئے جانچ ٹیم کے دو افسران کوجانچ سے الگ کرنے کا سی بی آئی کو حکم دیا۔