مظفر نگر ( یو پی ) 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اترپردیش نے ابھی ضلع انتظامیہ کو مظفر نگر فسادات سے متعلق مقدمات سے دستبرداری کی اجازت نہیں دی ہے ۔ حکومت نے ان مقدمات کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا ۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ استغاثہ کے ذرائع کے بموجب بی جے پی حکومت نے گذشتہ سال ڈسمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ مظفرنگر فسادات کے 44 مقدمات سے دستبرداری اختیار کریگی تاہم اس نے اب تک صرف ایک درجن مقدمات سے دستبرداری کیلئے ہی عدالتوں سے اجازت طلب کی ہے ۔ ضلع کے سرکاری وکیل دشئینت تیاگی نے کہا کہ اب تک حکومت نے ان مقدمات سے دستبرداری کیلئے باضابطہ طور پر کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ استغاثہ نے ابھی بیشتر معاملات میں عدالت میں درخواستیں بھی دائر نہیں کی ہیں۔
