ملک کے نامور مذہبی اور ملی قائدین کی اپیل
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) ملک کے ممتاز مذہبی ، سماجی اور ملی رہنماؤں نے غزہ کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 22 اگست جمعہ کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر پرامن احتجاج کا اعلان کیا۔ جنتر منتر پر سہ پہر 3 بجے احتجاج منظم کیا جائے گا جس میں عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے ۔ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یہ احتجاج منظم کیا گیا ہے ۔ اسرائیل کی جانب سے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں اسرائیلی جارحیت میں شدت پیدا ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں ہزاروں معصوم مرد و خواتین اور بچے شہید ہوچکے ہیں۔ ایسے نازک اور حساس موقع پر مسلمانوں کی دینی ، انسانی اور ملی ذمہ داری ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کریں۔ مسلم قائدین نے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی۔ احتجاج کے ذریعہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور عالمی برادری کو امن ، انصاف اور بھائی چارہ کے لئے مجبور کیا جاسکتا ہے ۔ احتجاج کے حق میں اپیل کرنے والے قائدین میں مولانا ارشد مدنی صدر جمیعۃ العلمائے ہند ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند، مولانا علی اصغر امام مہدی امیر جمیعت اہلحدیث ، مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمیعۃ العلمائے ہند ، مولانا احمد ولی فیصل رحمانی امیر شریعت بہار، مفتی مکرم احمد امام شاہی جامع مسجد فتح پوری ، مولانا عبید اللہ خاں اعظمی سابق رکن پارلیمنٹ ، جناب ملک معتصم خاں نائب امیر جماعت اسلامی ہند ، ڈاکٹر محمد منظور عالم جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل ، ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں سابق صدرنشین دہلی اقلیتی کمیشن ، جناب عبدالحفیظ صدر ایس آئی او آف انڈیا ، مولانا محسن نقوی شیعہ عالم دین اور پروفیسر اخترالواسع سابق وائس چانسلر شامل ہیں۔1