پاکستانی حکومت اورعوام کیلئے وزیر خارجہ انتونی بلنکن کا نیک تمناؤں کا اظہار
واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان کو یوم آزادی کی مبارک دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ امریکہ اقتصادی کامیابی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حکومت کی طرف سے میں پاکستانی عوام کے ساتھ 14 اگست کو یوم آزادی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب ہم تعاون کے نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں اور پاکستان انتخابات کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے۔ ہم جامع اقتصادی ترقی، توانائی، امن اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے منتظر ہیں۔انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکہ، پاکستان کے ساتھ 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہم دونوں ممالک کے خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ملک کی اقتصادی کامیابی کے لیے امریکہ کی پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رہے گی۔ ہم جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے عزم کا اشتراک کرتے ہیں۔پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو اپنی نیک خواہشات بھیجتے ہیں۔ آئیے ان مشترکہ اقدار کا جشن منائیں جو ہم کو متحد کرتی ہیں۔ تعاون، ترقی اور امن کے مستقبل کے منتظر ہیں۔ یوم آزادی مبارک ہو، پاکستان!امریکی وزارت خارجہ کے محکمہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا کے امور نے بھی پاکستان کو یوم آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا جشن منانے والے پاکستانیوں کے لیے پرتپاک نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور ایک پھلتی پھولتی شراکت کے منتظر ہیں۔دوسری طرف پاکستان مالی مسائل کا شکار ہے اور آئی ایم ایف کی جانب سے قرضوں کو لیکر بھی وہ مشکلات میں ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کو ہٹائے جانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے ملک کے اقتصادی حالات کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ ساتھ ہی گذشتہ ہفتے پاکستان کی وفاقی کابینہ اور حکومت کو تحلیل کردیا گیا ہے۔ آئندہ انتخابات تک نگران وزیراعظم کا بھی انتخاب عمل میں لایا گیا۔ اس طرح پاکستان نے اقتصادی حالات کے ساتھ سیاسی حالات بھی بحران کا شکار ہیں۔