قانون شعور بیداری مہم، معزز جج پی ارونا کماری کا خطاب
حیدرآباد ۔25۔ اگست (راست) اعزازی صدر ڈاکٹر غوث محی الدین علی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں لڑکیوں کیلئے مارشل آرٹس سکھانے کا نظم ہونا چاہئے۔ سگنل پر بھیک مانگنے والے بھکاریوں کو گرفتار کر کے شیلٹر ہوم منتقل کرنا چاہئے ۔ میسکو کے قانون شعور بیداری مہم سے خطاب کرتے ہوئے شریمتی پی ارونا کماری سکریٹری آف لیگل سرویسز اتھاریٹی اینڈ سکنڈ اڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کریمنل کورٹ ، نامپلی نے کہا کہ غریب اور معاشی طور پر کمزور لوگوں کو عدالتوں کی جانب سے مفت وکیل فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کا علم بہت کم لوگوں کو ہے جس کی وجہ سے کئی غریب لوگ جیلوں میں محروس ہیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو کئی قانونی معلومات فراہم کی اور نصیحت کی کہ بہترین شہری بن کر رہیں اور قانون کی خلاف ورزی نہ کریں ۔ ادارہ میسکو کی خدمات سے بہت متاثر ہوکر کہا کہ وہ آئندہ بھی اس طرح کا پروگرام میسکو کے اشتراک سے کرتی رہیں گی ۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اعزازی سکریٹری میسکو ڈاکٹر کوثر شاہین نے کہا کہ میسکو کے اقلیتوں کی خدمت کے چالیس سال مکمل ہوچکے ہیں ۔ ادارہ کو شہر کے درد مند ڈاکٹروں نے آج سے چالیس سال پہلے قائم کیا ۔ میسکو کے ان چالیس سال میں عوام کیلئے بالخصوص اقلیتوںکی خدمت کا ایک لامتناہی سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر نعیم خان نے کہا کہ سماج کی ترقی اور ادارہ کی مزید ترقی کیلئے طلباء و طالبات کو چاہئے کہ وہ سخت محنت سے تعلیم حاصل کریں۔ یہ تعلیمی ادارہ جات نائب صدر و کنوینر ڈاکٹر سمیع اللہ خان کی نگرانی میں چلائے جاتے ہیں جو معیار تعلیم اور طلباء کے رو زگار پر زیادہ توجہ دیتے ہیں ۔