حیدرآباد13جون(سیاست نیوز) ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نظام کالج ہاسٹل میں مقیم طلبہ کیلئے غذائی اشیاء ‘ بالخصوص اناج اور ترکاریوں کی سربراہی روک دی گئی ۔ نظام کالج ہاسٹل کو اناج اور ترکاریاں سپلائی کرنے والے ٹھیکہ دار نے بقایاجات کی عدم ادائیگی کے پیش نظر یہ سپلائی روک دی ۔ پرنسپل نے طلبہ کو نوٹس جاری کی ہے اور طلبہ سے فوری ہاسٹل میں میس و دیگر خدمات کا سلسلہ جاری رکھنے 3000 روپئے جمع کروانے کی ہدایت دی ہے۔ نظام کالج ہاسٹلس میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے ہاسٹلس میں خدمات کو جاری رکھنے میں جو مشکلات پیش آرہی ہیں ان پر کہا گیاکہ معاشی مشکلات کے سبب یہ خدمات کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔ پرنسپل نظام کالج کی نوٹس میں تمام طلبہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ فوری بقایاجات کی اجرائی کو یقینی بنائیں کیونکہ بقایاجات کی عدم ادائیگی سے ہاسٹل میں سہولتوں کی فراہمی میں دشواری ہورہی ہے۔ پرنسپل نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ طلبہ فی کس 3000 روپئے کا تعاون کریں۔3