چیف منسٹر کو ریونت ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور دیگر کمزور طبقات کے امیدواروں کیلئے پولیس میں تقررات پر نیا اعلامیہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے 16614 کانسٹبلس اور سب انسپکٹرس کی جائیدادوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے امیدواروں کیلئے کٹ آف مارکس کی سہولت دی گئی جبکہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے کوٹہ کو استثنائی لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں معاشی طور پر پسماندہ امیدواروں میں الجھن پائی جاتی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے وقت تمام زمرہ جات میں پریلمینری امتحان میں 60 نشانات کو اقل ترین اہلیت قرار دیا گیا تاہم امتحانات کے بعد حکومت نے ایس سی، ایس ٹی امیدواروں کیلئے 20 اور بی سی امیدواروں کیلئے 25 نشانات کٹ آف مارکس کے طور پر مقرر کئے گئے۔ فہرست میں معاشی طور پر پسماندہ امیدواروں کو شامل نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں 15 ہزار امیدوار تحفظات کے فوائد سے محروم ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے نیا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے معاشی پسماندہ امیدواروں کیلئے کٹ آف مارکس طئے کرنے کا مطالبہ کیا۔ر