وزیراعظم مودی سے کانگریس کا مطالبہ ، ریاستوں کے بقایاجات ادا کرنے مرکز پر زور
نئی دہلی۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ مابعد کووڈ۔19 لاک ڈاؤن اقتصادی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے جرأت مندانہ انداز میں ہندوستانی مجموعی گھریلو پیداوار کا کم سے کم 5 تا 6 حصہ مالیاتی پیاکیج کے طور پر اعلان کریں۔ اس اپوزیشن جماعت نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ریاستوں کو باقی مرکز کی طرف سے تمام رقومات فی الفور ادا کی جائیں تاکہ وہ کورونا وائرس وباء سے نمٹ سکیں اور انہیں خصوصی معاشی پیاکیجس بھی فراہم کئے جائے۔ کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ سی ایس آر اور صنعتی عطیات چیف منسٹر ریلیف فنڈز میں دینے کی اجازت کا اعلان کریں جس طرح یہ عطیات وزیراعظم کے فنڈ میں دیئے جارہے ہیں۔ ایسا نہ کرنے کا مطلب ریاستوں کے ساتھ ناانصافی اور امتیازی سلوک ہوگا۔ آنند شرما نے ویڈیو کے ذریعہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انتہائی غیرمعمولی وقت ہے جو غیرمعمولی اقدامات کا متقاضی بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم کو جرأت مندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور مابعد لاک ڈاؤن مختلف معاشی شعبوں کی بحالی میں مدد کے مقصد سے بھاری اقتصادی پیاکیج کا اعلان کرنا چاہئے‘۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ امکانی معاشی پیاکیج ہندوستانی مجموعی پیداوار کے کم از کم 5 تا 6 حصے پر مشتمل ہوگا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی جیسے کئی ممالک معاشی پیاکیجس کا اعلان کرچکے ہیں جو ان کے مجموعی گھریلو پیداوار کے 15% پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اپنے 10% مجموعی گھریلو پیداوار پر مبنی معاشی پیاکیج کا اعلان کیا ہے۔ آنند شرما نے کہا کہ اس ضمن میں فوری اقدام کی ضرورت ہے اور اس مرحلے پر حکومت کو معاشی خسارہ کے بارے میں فکرمند نہیں ہونا چاہئے۔ شرما نے یہ بھی کہا کہ ہر ریاست کیلئے خصوصی پیاکیج جاری کیا جائے اور مرکز کی طرف سے ادا طلب تمام بقایاجات فی الفور ریاستوں کو پہنچائے جائیں تاکہ وہ معاشی لاک ڈاؤن کے پیش نظر حائل مالی دشواریوں سے نمٹ سکیں۔