معتمر ین کیلئے تعداد کی شرط ختم

,

   

ریاض ۔ مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے لیے تعداد کی شرط ختم کردی گئی۔ سعودی وزیر برائے حج وعمرہ ڈاکٹرتوفیق ربیعہ نے کہا ہے کہ 2سال پہلے عمرہ کی ادائیگی کورونا وبا کی وجہ سے محدود کردی گئی تھی ،تاہم اب عمرہ کی سعادت سب کے لیے عام کردی گئی ہے۔انہوں نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ سے وضاحت کی کہ اللہ کے فضل و کرم سے توکلنا ایپ کے ذریعہ جب چاہیں عمرہ کی بکنگ کروائیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں آپ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس سے قبل یہ اقدامات مکہ مکرمہ میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے کیے گئے،تاہم اب انہیں ختم کردیا گیا ہے۔ وزیر حج و عمرہ نے بتایا کہ 228 عمرہ کمپنیاں اور ادارے عازمین کوان کی آمد سے لے کر عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن روانگی تک بہترین خدمات فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آنے والے عرصہ میں بیرون ملک اور دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ عمرہ کمپنیاں اور ادارے زائرین کو مصر، تیونس، لیبیا، ہندوستان، پاکستان سے خوش آمدید کرنے کے لیے تیار ہیں۔