میدک میں یوم معذورین کا انعقاد، ضلع کلکٹر راہول راج کا خطاب
میدک /4 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میدک اسپورٹ اسٹیڈیم میں محکمہ ویلفیر کے زیر اہتمام یوم معذورین کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس تقریب میں ضلع کلکٹر میدک راہول راج ایڈیشنل ایس پی میدک مسٹر پی مہیندر ، ڈسٹرکٹ سیول کورٹ جج سی ایچ جتیندر ایڈیشنل کلکٹر ناگیش ، ڈی آر ڈی او پراجکٹ ڈائرکٹر ڈی سرینواس راؤ ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر رام چندر راجو نے شرکت کرتے ہوئے جیوتی روشن کی ۔ کلکٹر راہول راج نے بات کرتے ہوئے یوم معذورین کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کبھی مایوس نہ ہوں ۔ اپنے آپ میںخود اعتمادی پیدا کریں اور آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلع انتظامیہ بھی ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے معذوروں سے کہا کہ وہ اپنے کسی بھی مشکلات و مسائل کی یکسوئی کیلئے دفتر انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کے G-32 سیکشن پر قائم آفس پر ربط قائم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ معذوروں کو ریزرویشن کے لحاظ سے اندراماں ہاوزنگ اسکیم میں تحفظات بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر مسٹر سوارپوٹ نے ضلع کے تمام ایم پی ڈی اوم اور تحصیلداروں کو معذوروں کیلئے سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ۔ سینئیر سیول جج جتیندر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشل سرویس کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے تحت معذوروں کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سے بالاتر ہوکر معذوروں کو یکساں انصاف اور مساوی مواقع فراہم کرے گی ۔ ایڈیشنل ایس پی مہیندر نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر معذور افراد کو تہنیت بھی پیش کی گئی ۔ اسنادات بھی دئے گئے اور جسمانی معذوروں کیلئے منعقد کردہ اسپورٹ کے مقابلوں میں فاتح افراد کو انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔ بہترین خدمات کی انجام دہی پر پنچایت سکریٹریز کو بھی تہنیت پیش کی گئی ۔ آنگن واڑی ورکرس میں ملبوسات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس موقع پر معذور یونین کے قائدین مسرز اشوک ، دیویا ، سریکانت ، نظیر حسین کے علاوہ معذوروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔