نئی دہلی 17 جولائی (ایجنسیز) مرکزی وزارت سماجی انصاف اور عطائے اختیار کے محکمہ برائے معذور افراد نے معذور طلبہ کیلئے مختلف اسکیمات کے تحت اسکالرشپ کا موقع فراہم کیا ہے۔ اسے تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ (i) پری میٹرک، پوسٹ میٹرک، ٹاپ کلاس ایجوکیشن (اعلیٰ معیاری تعلیم)۔ (ii) معذورین کیلئے قومی فیلوشپ۔ (iii) نیشنل اورسیز اسکالرشپ، نیشنل فیلوشپ برائے معذورین (NEPwD) ریگولر اور فل ٹائم ایم فل / پی ایچ ڈی کورسیس کرنے والے اسٹوڈنٹس کو عطا کی جاتی ہے۔ اس کیلئے طلبہ کا انتخاب یو جی سی نیشنل میں حاصل شدہ نشانات / میرٹ کی اساس پر کیا جائے گا۔ جون اور ڈسمبر کے دورانیہ میں این ٹی اے کے اہلیت ٹسٹ (یو جی سی ۔ نٹ) اور یو جی سی ۔ سی ایس آئی آر کو بھی ملحوظ رکھا جائے گا۔ نیشنل اوورسیز اسکالرشپ کیلئے درخواستیں آن لائن وصول کی جاتی ہیں۔ پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور ٹاپ کلاس ایجوکیشن اسکیمات کیلئے درخواست گزاروں کو نیشنل اسکالرشپ پورٹل کی ویب سائٹ www.scholarships.gov.in پر آن لائن درخواست دینے کی صلاح دی گئی ہے۔ اس ویب سائٹ کا لنک www.depwd.gov.in پر بھی دستیاب ہے۔ نیشنل اسکالرشپ پورٹل کے موبائل ایپ پر بھی درخواست دی جاسکتی ہے۔ تمام اسکیمات کی تفصیلات بشمول اہلیتی کسوٹی اور درخواستیں پُر کرنے کے لئے ہدایات www.depwd.gov.in پر دستیاب ہیں۔ درخواست گزاروں کو اسکالرشپس کیلئے درخواستیں دیتے وقت درست معلومات فراہم کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ نیشنل اوورسیز اسکالرشپس سال بھر آن لائن وصول کی جاتی ہیں۔ دیگر اسکالرشپس میں پری میٹرک زمرہ کے لئے کشادگی کی تاریخ 25 جون 2025ء اور اختتامی تاریخ 31 اگست 2025ء ہے۔ پوسٹ میٹرک اور ٹاپ کلاس اسکالرشپس کیلئے نیشنل اسکالرشپ پورٹل پر آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے یہی تواریخ ہیں۔