معروف ناول نگار قرۃ العین حیدر کی علمیت کا اعتراف

   

محفل خواتین کا ماہانہ ادبی اجلاس و مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جنوری : ( راست ) : اس ماہ محفل خواتین کا جلسہ محترمہ فریدہ راج کے زیر نگرانی قرۃ العین حیدر معروف ناول نگار کی یاد میں منایا گیا جن کا یوم پیدائش 20 جنوری ہے ۔ یہ محفل 13 جنوری کو اردو ہال میں منعقد کی گئی ۔ رفیعہ نوشین جو ادبی اجلاس کی کارروائی انجام دے رہی تھیں ۔ قرۃ العین حیدر کی علمیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ ادبی اجلاس میں غوثیہ بیگم نے قرۃ العین حیدر پر مضمون اور ڈاکٹر گل رعنا نے مزاحیہ مضمون ’ مفت کا جھمیلہ ، پیش کیا ۔ دونوں مضامین پسند کئے گئے ۔ 24 جنوری کا دن لڑکیوں کے قومی دن کے طور پر ہر سال ملکی سطح پر منایا جاتا ہے ۔ اس پروگرام کے ضمن میں ’ مجھے اپنی بیٹی پر فخر ہے ‘ کے موضوع پر آمنہ سحر ، شبینہ فرشوری ، فرزانہ تاج اور اصغری بیگم نے اظہار خیال کیا ۔ خواتین کے خیالات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ لڑکیاں ہر میدان میں اپنے تشخص کو منوانے میں کامیاب ہورہی ہیں ۔ جس پر بجا طور پر فخر کیا جاسکتا ہے ۔ بعد ازاں محفل شعر سجائی گئی ۔ جس میں آمنہ سحر ، رفیعہ نوشین ، سائمہ متین اور سنیتا نے اپنا کلام پیش کیا ۔ ڈاکٹر نکہت آرا شاہین کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔ اس موقعہ پر خواتین وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔

تصانیف کا رسم اجراء، پروفیسر مجید بیدارکا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جنوری : ( راست ) : اردو ہال میں منعقدہ تین کتابوں ( تہنیت النساء بیگم اور ان کے ہم عصر شاعرات ، مصنفہ ڈاکٹر عرشبیہ بدر ) ، میر عثمان علی خاں آصف جاہ سابع کے دور کے نامور شعراء مصنفہ ڈاکٹر کوثر بی بی ) اور ( نامور افسانہ نگار ، مصنفہ ڈاکٹر کہکشاں جبین ) کی رسم اجراء پروفیسر مجید بیدار سابق شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ نے کیا ۔ انہوں نے اردو اسکالرس پر زور دیا کہ وہ زیادہ علم حاصل کریں ۔ ڈاکٹر سید محی الدین قادری زور کے فرزند رفیع الدین قادری مہمان خصوصی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اردو ادب میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین کا نام روشن کریں ۔ ڈاکٹر مشتاق احمد ، محمد عبدالغفار نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر تینوں مصنفات نے اپنی تصنیفات پر روشنی ڈالی ۔۔