چیف منسٹر کی انسانی ہمدردی ، سلیمہ کا علاج کرانے معذوری پنشن ، اندراماں مکان منظور کرنے کے احکام
حیدرآباد 22 فروری ( سیاست نیوز ) بچوں کیلئے مائیں بڑی منت و سماجت کرکے لاڈ پیار سے کھانا کھلاتی ہیں لیکن 10 سالہ پانچویں جماعت میں زیر تعلیم رضوانہ اپنی ماں کیلئے خود ماں بن گئی ۔ اندراماں سروے کیلئے عہدیدار جب اس کے گھر پہونچے تو یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے ۔ لڑکی نے کہا ’ سر ‘ میری ماں کھڑی نہیں ہوسکتی ۔ گھر کے سامنے میں کھڑی ہوں گی میری تصویر کھینچ کر مکان منظور کرنے کی التجا کی ۔ جس سے اس خاندان کی قابل رحم داستان منظر عام پر آئی ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع سوریہ پیٹ نوتنکل منڈل گنڈ سنگرام گاوں کے ساکن سید پاشاہ اور سلیمہ کا ایک بیٹا سمیر اور ایک دختر رضوانہ ہے ۔ مقامی سرکاری اسکول میں بیٹا ساتویں جماعت میں اور بیٹی پانچویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں ۔ 9 سال قبل اس خاندان کی مشکلات کا آغاز اس وقت ہوا جب میاں بیوی کے معمولی جھگڑے کے بعد سلیمہ نے طیش میں آکر خود کو آگ لگالی ۔ شدید جھلس جانے کے باعث وہ کئی سال بستر تک محدود رہی چند سال بعد شوہر نے گھر چھوڑ دیا ۔ خاندان کے کفالت کی ذمہ داری سلیمہ پر آگئی وہ کئی دن محنت مزدوری کرکے بچوں کی پرورش کی ۔ کچھ عرصے سے جسم کے جلے ہوئے حصے اکڑ گئے ۔ اور ہاتھ پیر کام کرنے کے قابل نہیں رہے ۔ وہ کھڑے ہونے کے موقف میں بھی نہیں رہی ۔ خاندان کا گذارا مشکل ہوگیا رمضان میں زکواۃ اور عطیات پر ان کا انحصار ہوگیا ۔ تب سے 10 سالہ رضوانہ نے ذمہ داری اپنے کندھوں پر لے لی اور وہ اپنی ماں کی ماں بن کر دیکھ بھال کرنے لگی خود کھانا بناتی ماں کو کھلاتی ہے اور اسکول بھی جاتی ہے ۔ رضوانہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماں کا علاج کرانے میں مالی تعاون کریں ۔ رضوانہ نے کہا کہ میری ماں معذوری پنشن کیلئے اہل ہے ۔ مگر حکام تصدیق کیلئے فنگر پرنٹس لازمی قرار دے رہے ہیں جبکہ انگلیاں جل گئی ہیں ۔ سلیمہ نے روتے ہوئے پنشن دینے اور اندراماں مکان منظور کرنے کی اپیل کی ۔ جس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرکے عہدیداروں کو حکم دیا کہ سلیمہ کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے ۔ معذوری پنشن کا بندوبست کریں اور اندرا ماں مکان منظور کریں ۔ ساتھ ہی خاندان کو کھانا فراہم کرنے کے بھی احکام جاری کئے ۔ جس کے بعد چیف منسٹر آفس کے او ایس ڈی وی سرینواسلو نے سوریہ پیٹ کلکٹر سے فون پر بات کی اور سلیمہ اور ان کے بچوں کو چیف منسٹر کے حکم کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ 2