نئی دہلی : اولین شہید صحافی مولوی محمدباقر پر سینئر صحافی معصوم مرادآبادی کی تازہ ترین کتاب کو عالمی کتاب میلے کے ‘تھیم پویلین’ میں جگہ دی گئی ہے ۔ اس کتاب میلے کا اہتمام کرنے والے ادارے نیشنل بک ٹرسٹ(این بی ٹی )نے اس مرتبہ‘ آزادی کا امرت مہوتسو’کو اس میلے کی تھیم قرار دیا ہے اور اس مناسبت سے یہاں ایک پویلین قایم کیا گیا ہے جس میں مجاہدین آزادی کے کارناموں کو اجاگر کرنے والی تصاویر اور پینٹنگ آویزاں کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ جنگ آزادی میں قربانیاں دینے والے سورماوں پر کتابوں کی نمائش بھی کی گئی ہے ۔ اس موقع پر خود این بی ٹی نے اشفاق اللہ خاں، حکیم اجمل خاں اور خان عبدالغفار خاں پراردو میں کتابیں شائع کرکے یہاں آویزاں کی ہیں۔ اسی مناسبت سے اولین شہید صحافی مولوی محمدباقر پر معصوم مرادآبادی کی کتاب کو اس پویلین میں جگہ دی گئی ہے ۔‘دہلی اردو اخبار ’کے ایڈیٹر اور شمس العلمائمولانا محمدحسین آزادکے والد مولوی محمدباقر کو 1857کی جنگ آزادی کے دوران انگریزوں نے توپ کے دہانے پر رکھ کرشہید کردیا تھا۔وہ ہندوستان کی جنگ آزادی میں شہید ہونے والے کسی بھی زبان کے پہلے صحافی ہیں۔