کاماریڈی میں ضلع پریشد اسکول کی نئی عمارت کی سنگ بنیاد تقریب سے ریاستی و ضلع انچارج وزیر سیتکاکا و دیگر کا خطاب
کاما ریڈی ۔ 15ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر و ضلع کی انچارج وزیر سیتکا نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید بنیادی سہولتیں فراہم کرنا کانگریس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور تعلیمی اداروں کی ترقی کے ذریعے ہی نئی نسل کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کاما ریڈی ضلع مستقر میں واقع ضلع پریشد بوائز ہائی اسکول کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے زیرتعلیم اسکول کی ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے مشیر و سابق وزیر محمد علی شبیر کی جانب سے 5 کروڑ روپئے کے فنڈس منظور کروانے کی کوشش قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص زندگی میں کتنی ہی بلندیاں حاصل کرلے، اپنے تعلیمی ادارے اور اساتذہ کو فراموش نہ کرنا اس کی کامیابی کا حقیقی ثبوت ہے۔ تقریب میں ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، انچارج وزیر سیتکا، ظہیرآباد کے رکن پارلیمنٹ سریش کمار شیٹکر اور جوکل کے رکن اسمبلی لکشمی کانت راؤ نے نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ محمد علی شبیر نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے 1971 ء میں اسی اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی اور یہ ادارہ ان کی زندگی میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے بقول یہ اسکول محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ان کی زندگی کی بنیاد رکھنے والی جگہ ہے، جہاں سے ان کے سفر کا آغاز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ زندگی میں کتنی ہی بلندی پر پہنچ جائیں، اپنے اساتذہ، ہم جماعتوں اور اسکول سے وابستہ یادوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ برسوں بعد اسی اسکول کے احاطے میں سابق طلبہ، اساتذہ اور موجودہ طلبہ سے ملاقات کو انہوں نے ناقابل فراموش تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کاما ریڈی بوائز اسکول کی ترقی کی ضرورتوں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علم میں لاتے ہوئے 5 کروڑ روپئے کے فنڈس منظور کروانے کے لیے انہوں نے خصوصی کوشش کی ہے۔ پرانی عمارت کو منہدم کرکے جدید معیار کے مطابق نئی عمارت تعمیر کی جائے گی، جس میں جدید جماعتی کمرے، ڈیجیٹل تعلیمی سہولتیں، کمپیوٹر لیابس، تجربہ گاہیں اور طلبہ کے لیے دیگر ضروری بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فنڈس کے علاوہ جہاں ضرورت ہوگی وہ اپنی جانب سے بھی اسکول کی ترقی میں تعاون کریں گے۔ وزیر سیتکا نے کہا کہ کسی شخص کا اپنے زیرتعلیم اسکول کو یاد رکھتے ہوئے اس کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کرنا دوسروں کے لیے بھی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے اور نئی عمارت کی تکمیل کے بعد کاما ریڈی بوائز اسکول کو مزید بہتر تعلیمی مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ ظہیرآباد کے رکن پارلیمنٹ سریش کمار شیٹکر نے کہا کہ اپنے زیرتعلیم اسکول کی ترقی کے لیے شبیر علی کی کوششیں قابل تقلید ہیں اور طلبہ کو دستیاب سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے بلند مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ جوکل کے رکن اسمبلی لکشمی کانت راؤ نے نئی عمارت کے سنگ بنیاد کو خوش آئند قرار دیا ۔ ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے کہا کہ نئی عمارت کی تعمیر سے طلبہ کو جدید اور بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔ تقریب میں عوامی نمائندوں، کانگریس قائدین، عہدیداروں، اساتذہ، سابق و موجودہ طلبہ اور ان کے والدین سمیت دیگر نے شرکت کی۔