مغربی بنگال اسمبلی میں ہنگامہ، بی جے پی کے چار ایم ایل ایز مانسون اجلاس سے معطل

   

کولکتہ، 23 جون (آئی اے این ایس)۔ مغربی بنگال اسمبلی کے مانسون اجلاس کے گیارہویں دن پیرکو شدید ہنگامہ آرائی کے بعد بی جے پی کے چار ایم ایل ایز کو پورے اجلاس کے لیے معطل کردیاگیا۔ معطل کیے گئے ارکان اسمبلی میں شَنکر گھوش (سیلی گوڑی، دارجلنگ)، اگنیمتر پال (آسنسول دکشِن، مغربی بَردھمان)، منوج کمار اوراؤں (کمارگرام، علی پْردوار)، اور دیپک برمن (فلاکٹا، علی پْردوار) شامل ہیں۔ شَنکر گھوش بی جے پی کے لیجسلیٹو پارٹی کے چیف وِپ ہیں جبکہ اگنیمتر پال ذاتی حیثیت میں معروف فیشن ڈیزائنر ہیں۔ اسپیکر بیمان بندوپادھیائے کی جانب سے معطلی کا اعلان ہوتے ہی بی جے پی کے دیگر ارکان اسمبلی، جن میں اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری بھی شامل تھے، ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج اور نعرے بازی کرنے لگے۔ اس دوران اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اسپیکر نے اسمبلی کے مارشل اور سیکیورٹی اہلکاروں کو طلب کرکے بی جے پی ارکان کو ایوان سے باہر نکالنے کی ہدایت دی۔ اس عمل کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور ارکان اسمبلی کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی، جس میں شَنکر گھوش کی عینک اور گھڑی ٹوٹ گئیں۔ ایوان کی کارروائی کا ماحول پیر کی صبح سے ہی کشیدہ رہا۔ بی جے پی ایم ایل اے اور سابق چیف اکنامک ایڈوائزر اشوک کمار لہری نے گزشتہ دو دنوں میں بی جے پی ارکان کی تقاریرکو حذف کیے جانے پر اعتراض کیا ، جس پر وزیر مملکت برائے خزانہ چندریما بھٹاچاریہ نے وضاحت دی کہ تقاریر اسپیکرکی ہدایت پر حذف کی گئیں۔ بی جے پی نے اس اقدام کو غیر جمہوری قرار دے کر احتجاج کیا اورکارروائی کے کاغذات پھاڑ دیے، جس کے بعد چار ارکان کی معطلی کا اعلان کیا گیا۔