مغربی بنگال میں پرتشدد جھڑپیں ، ایک ہلاک ، متعدد زخمی

   

حکمراں ترنمول کانگریس کے کئی دفاتر پر بی جے پی کارکنوں کے حملے اور توڑ پھوڑ

کولکتہ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں حکمران جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور لوک سبھا انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد چند اہم کامیابیوں کے ساتھ ابھرنے والی بی جے پی کے کارکنوں میں تصادم اور مختلف مقامات پر تشدد کے الگ الگ واقعات میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کارکنوں نے اس کے متعدد دفاتر پر قبضہ کرلیا ہے یا پھر انہیں توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ کوچ بہار کے ستیائی، 24 شمالی پرگنہ کے ٹیٹا گڑھ اور کولکتہ کے نیو ٹاؤن علاقہ میں بی جے پی کارکنوں نے ٹی ایم سی کارکنوں کی مبینہ طور پر پٹائی کی ہے۔ کوچ بہار میں ترنمول نے الزام عائد کیا کہ بکٹیرہاٹ، مہیش کوچی، رامپور، شالباری میں ان کی پارٹی کے دفاتر میں بی جے پی کارکنوں نے توڑ پھوڑ کی۔ سیتل کوچی علاقہ میں بھی ٹی ایم سی پارٹی آفس کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا۔ سیتل کوچی میں ٹی ایم سی کے بلاک صدر عابد علی میاں نے کہا کہ نتائج آنے کے بعد بی جے پی کارکنوں نے ہمارے پارٹی کے دفاتر کو مقفل کردیا۔ بعض دفاتر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور بعض دفاتر نذرآتش کردیئے گئے۔ دوسری طرف بی جے پی نے اس کے برخلاف یہ الزام عائد کیا کہ ٹی ایم سی نے اس کے کارکنوں کو کئی مقامات پر حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔