مغربی بنگال : پہلی بار خاتون وزیرفینانس نے بجٹ پیش کیا

   

کلکتہ : ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی حالات کے تناظر میں مغربی بنگال اسمبلی میں پہلی مرتبہ کسی خاتون وزیر فینانس نے ریاست کا بجٹ پیش کیا ہے ۔بجٹ میں مالیاتی شرح نمو 12.72 فیصد تجویز کی گئی ہے ۔اس سے قبل 2021میں ممتا بنرجی نے عبوری بجٹ اسمبلی میں پیش کیا تھا۔ وزیر خزانہ چندریما بھٹا چاریہ نے اعلان کیا کہ 2024 تک ریاست کے تمام حصوں میں پینے کا پانی پہنچ جائے گا۔ چائے کے باغات میں زرعی آمدنی پر ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جی ایس ٹی معاوضہ کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ بجٹ میں 5 سال کی مدت بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے 3 لاکھ 21 ہزار 30 کروڑ کا ریاستی بجٹ پیش کیا۔بجٹ پیش کے دوران بی جے پی کے ممبران احتجاج کررہے تھے ۔کچھ دیر بعد بی جے پی اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئی۔ اس کے بعد اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری کی قیادت میں بی جے پی کے اراکین اسمبلی نے اسمبلی کے پورٹیکو میں پوزیشن سنبھالی۔ شوبھندونے شکایت کی، تمام مرکزی پروجیکٹوں کا نام بدل دیا گیا ہے ۔ تمام پروجیکٹ مودی جی کے پروجیکٹ ہیں۔ میں اس کو بیٹھ کر سن نہیں سکتا ہوں۔