کولکتہ : مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے کہا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں 30نشستوں پر رائے دہی ہوئی جن کے منجملہ 26 نشستوں پر بی جے پی کامیاب ہوگی ۔ امیت شاہ نے یہ بھی کہا کہ آسام میں پہلے مرحلہ میں 47 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 37نشستوں پر بی جے پی کی کامیابی یقینی ہے ۔ مغربی بنگال اور آسام میں کل پہلے مرحلے کی رائے دہی ہوئی ۔ امیت شاہ نے آج عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ میں دونوں ریاستوں کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہمارے حق میں ووٹ ڈالا ہے ۔ ان دونوں ریاستوں میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں عوام نے بڑھ چھڑھ کر حصہ لیا اور مغربی بنگال میں 82 اور آسام میں 75فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ بوتھ لیول ورکرس اور پارٹی قائدین کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ مغربی بنگال میں 30کے منجلہ 26پر بی جے پی کامیاب ہوگی اور آسام میں 47 کے منجملہ 37 سے زائد نشستوں پر بی جے پی کامیاب ہوگی ۔