مغربی ممالک کا روس میں ویگنر گروپ کی بغاوت سےکوئی تعلق نہیں: بائیڈن

   

واشنگٹن : امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہیکہ مغربی ممالک کا روس کے نیم فوجی دستے ویگنر کی بغاوت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ وینگر گروپ کی ماسکو کی جانب پیش قدمی روکنے کے بارے میں کوئی نتیجہ اخذ کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم گذشتہ ہفتے کی صورتحال اور اس کے روس اور یوکرین کیلئے مضمرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ صورتحال کس طرف جا رہی ہے۔‘تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اور مغربی اتحادی آپس میں رابطے میں ہیں اور انہوں نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے کہا ہے کہ انہیں امریکہ کی مضبوط حمایت حاصل رہے گی۔’روس میں جو بھی ہوا امریکہ یوکرین کے دفاع اور علاقائی خودمختاری کی حمایت کرتا رہے گا۔‘امریکی صدر نے ان سازشی نظریوں کی تردید کی کہ بغاوت میں مغرب ملوث ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’یورپی لیڈروں سے زوم پر بات کی اور انہوں نے اتفاق کیا کہ ہم روسی صدر ولادیمیر پوتن کو موقع نہیں دیں گے کہ اس کا الزام مغرب اور ناٹو پر لگائیں۔ یہ بغاوت روسی نظام کے خلاف جدوجہد کا حصہ تھی۔‘