مغویہ شیر خوار کو بچالیا گیا، تین اغوا کنندگان گرفتار

   

حیدرآباد۔ منگل ہاٹ پولیس نے چار ماہ کے شیر خوار کے اغوا میں ملوث 3 اغوا کنندگان کو گرفتار کرتے ہوئے بچہ کو ان کے چنگل سے بچالیا۔ انسپکٹر منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن جی رنویر ریڈی نے بتایا کہ جمعہ کی شب 39 سالہ شیخ علیم، 36 سالہ عرشیہ اور 40 سالہ شیخ سلیم ساکن منگل ہاٹ نے کٹل منڈی سیتا رام باغ میں واقع لکشمی نامی خاتون کے چار ماہ کے شیر خوار بچہ کا اغوا کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مغویہ بچہ کو مذکورہ افراد گداگری میں استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے اور اس غرض سے ہی اس کا اغوا کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اغوا کنندگان کی لکشمی سے پرانی ملاقات ہے اور اس کے مکان پہنچ کر شیر خوار بچہ کا اغوا کرلیا تھا۔ پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ لکشمی کے شیر خوار بچہ کو اسوقت اغوا کرلیا گیا جب وہ محو خواب تھی۔ مغویہ بچہ کو بذریعہ آٹو ایک نامعلوم مقام لیجایا گیا تھا۔ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور اغوا کنندوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔