مقامی اداروں کے انتخابات ستمبر میں منعقد کئے جائیں گے

   

وزراء کی کمیٹی تشکیل، گاندھی بھون میں پی اے سی کا اجلاس، کابینہ کا اجلاس 29 اگست کو مقرر
حیدرآباد ۔ 23 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کی پولیٹیکل آفیسرس کمیٹی کے اجلاس میں ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق ستمبر میں مقامی اداروں کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتخابات کیلئے وزراء کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ یہ کمیٹی 28 اگست کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کا 29 اگست کو کابینہ کے اجلاس میں جائزہ لیتے ہوئے قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ آج شام گاندھی بھون میں تین گھنٹوں تک پولیٹیکل آفیسرس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس سے قبل پارٹی کے اہم قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیامگاہ پر اجلاس منعقد کیا جس میں پی اے سی اجلاس کے ایجنڈے کو قطعیت دی گئی۔ اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج میناکشی نٹراجن، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک اتم کمار ریڈی کے علاوہ دوسرے وزراء کے ساتھ کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ مقامی اداروں کے انتخابات کیلئے حکومت سنجیدہ ہے اور ستمبر میں انتخابات کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس کیلئے وزراء پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں ارکان کی حیثیت سے ریاستی وزراء بھٹی وکرامارک، سیتکا، پونم پربھاکر، اتم کمار ریڈی کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو 28 اگست تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 25 اگست کو منعقد ہونے والے کابینہ اجلاس کو 29 اگست تک ملتوی کیا گیا ہے۔ وزراء کی کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی رپورٹ پر کابینہ کے اجلاس میں غوروخوض کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے حق میں ہے اور اس کے مطابق ہی مقای اداروں کے انتخابات کرانے کی پیشرفت کی جائے گی۔ صدرجمہوریہ کے پاس زیرالتواء بلز کی منظوری کیلئے علحدہ طور پر سپریم کورٹ سے رجوع ہونے پر تاخیر ہونے کا اندازہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں جاری اس بحث میں شامل ہوجانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی اے سی کے اجلاس میں سی پی آئی کے قومی قائد سدھاریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک قرارداد پیش کی گئی ہے۔2