مقامی اداروں کے انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا مشورہ: مہیش کمار گوڑ

   

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا تین اضلاع کے کانگریس قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے آج گاندھی بھون میں تین اضلاع ورنگل، کریم نگر، نظام آباد کے وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ ضلعی کانگریس صدور کے علاوہ دیگر اہم قائدین کا علحدہ علحدہ اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان اجلاس میں تلنگانہ کانگریس امورکی انچارج دیپاداس منشی کے علاوہ دیگر انچارج اے آئی سی سی سکریٹری بھی موجود تھے۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی اداروں کے انتخابات کی تیاری شروع کردیں۔ کانگریس حکومت نے جن فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے۔ عوام میں پہنچ کر اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں اور ان اسکیمات سے استفادہ اٹھانے میں عوام کی مدد کریں۔ ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں کی حکومت پر تنقیدوں کا منہ توڑ جواب دیں اور عوام میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جو غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں، اس کو دور کریں۔ پارٹی کے مقامی قائدین سے بہتر تعلقات پیدا کریں۔ پارٹی کو استحکام کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں میں انہیں بھی حصہ دار بنائے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو جو ووٹ حاصل ہوئے تھے، وہی ووٹ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو حاصل نہیں ہوئے اس کی کیا وجہ ہے، کانگریس قائدین اس کا جائزہ لیں اور مقامی اداروں کے انتخابات میں اس طرح کی غلطی دوبارہ دہرائی نہ جائے اس کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سے شکایت کی کہ عہدیدار ان کی سفارشات اور مشورے کو نظرانداز کررہے ہیں۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے باوجود اپوزیشن میں ہونے کا احساس پایا جاتا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے ریاستی وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ اضلاع میں پارٹی قائدین کو وقت دیں ان کے مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کریں۔ ان کے سکھ دکھ میں شامل ہوجائے۔ کانگریس کے قائدین اور کانگریس میں شامل ہونے والے نئے قائدین کے درمیان تال میل اور رابطہ پیدا کرنے کی وزراء ذمہ داری قبول کریں۔ اضلاع میں پارٹی کے سوشل میڈیا شعبوں کومستحکم کرنے پر بھی زور دیا۔2