مقدمات کی جلد یکسوئی پر خصوصی توجہ ضروری

   

نارائن پیٹ میں لوک عدالت کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ، ضلع جج محمد عبدالرفیع کا خطاب
نارائن پیٹ /8 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سیشن جج نارائن پیٹ جناب محمد عبدالرفیع کی صدارت میں ضلع عدالت کے میٹنگ ہال میں لوک عدالت کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر ضلع سیشن جج جناب محمد عبدالرفیع نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت کی کہ مقدمات کی جلد از جلد اور تیزی سے مکمل کرنے کیلئے خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر 2023 کو ضلع مستقر پر قومی لوک عدالت منعقد کی جارہی ہے ۔ چنانچہ چھوٹے موٹے مقدمات کو لوک عدالت سے رجوع کریں اور ساتھ ساتھ ہی چارج شیٹس بھی مکمل کرلیں کیونکہ چارج شیٹس کے بغیر مقدمات کو آگے نہیں بڑھایا جاسکے گا ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ ابھی تفتیش اور پوچھ تاچھ کے کتنے کیسیس ہیں ۔ مسٹر سرینواس سینئیر سیول جج نارائن پیٹ نے کہا کہ تلنگانہ پولیس جنوبی تلنگانہ میں مقدمات کی یکسوئی میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ مسٹر بھیم راج ، رویندر نائیک نے رابطہ آفیسر مسٹر کرشنا کو بتایا کہ تاحال مکتھل منڈل میں 537 ماگنور منڈل میں 255 اور نارائن پیٹ منڈل میں 609 مقدمات کو آپسی رضامندی کے ذریعہ حل کیا گیا ہے اور 1300 مقدمات ابھی زیر التواء ہیں ۔ 3400 مقدمات کی یکسوئی کی گئی ہے ۔ لوک عدالت میں ہائی کورٹ کے ذریعہ لیگل ایڈ ڈفینسیس کونسل کے 3 افراد کو مقرر کیا گیا ہے اور شریمتی ناگیشوری کو اسسٹنٹ لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل کی حیثیت سے تقرر عمل میں لایا گیا ہے ۔ اس موقع پر پرنسپل جونئیر سیول جج جناب محمد عمر ، ایڈیشنل جونئیر سیول جج محترمہ ذکیہ سلطانہ ، پی پی مسٹر سریش ، ڈی ایس پی مسٹر جے وینکٹیشور ، سی آئی محکمہ آبکاری ، ایس آئی و دیگر نے شرکت کی ۔