دوبئی 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے سعودی عرب کے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ ملائشیا سمٹ مسلم دنیا کو درپیش مسائل پر غور کے لیے ایک غلط فورم تھا۔انور قرقاش ٹویٹر پر لکھتے ہیں:’’ کیا یہ اسلامی دنیا کے لیے ممکن ہے کہ وہ عربوں کی عدم موجودگی میں بلند ہوسکیں؟ اس کا واضح جواب ہے: نہیں، کیونکہ تقسیم ،علاحدگی اور تعصّبات کبھی حل ثابت ہوئے ہیں اور نہ ثابت ہوں گے۔‘‘کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کے لیے ملائشیا نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تمام ستاون ممالک کو دعوت نامے جاری کیے تھے لیکن ان میں سے صرف بیس کے لگ بھگ ممالک نے اپنے مندوبین شرکت کے لیے بھیجے تھے اور ان میں سے بھی چند ایک کے سربراہان ریاست وحکومت نے کانفرنس کو رونق بخشی ہے۔ملائشیا کے دارالحکومت میں چار روز تک جاری رہنے والے مسلم اقوام کے اس سربراہ اجلاس میں پاکستان ،سعودی عرب ، مصر ، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا نے شرکت نہیں کی ہے۔