ملائم سنگھ یادو کا 82 سال کی عمر میں دیہانت

,

   


سرکاری اعزاز کیساتھ آج آخری رسومات‘یو پی میں 3دن کا سوگ

لکھنؤ:اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کا دیہانت ہو گیا ہے۔ انہوں نے 10 اکتوبر صبح 8:16 بجے گروگرام کے میدانتاہاسپٹل میں 82 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ ملائم سنگھ کی موت کے بعد سماج وادی خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 55 سال سے زیادہ سیاست میں سرگرم رہنے والے ملائم سنگھ یادو 22 نومبر 1939 کو اٹاوہ ضلع کے سیفئی میں پیدا ہوئے۔ وہ 1967 میں یوپی کے جسونت نگر سے ایم ایل اے منتخب ہونے کے بعد پہلی بار اسمبلی پہنچے اور پھر انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ آٹھ بار ایم ایل اے منتخب ہوئے تو وہیں سات بار لوک سبھا کے رکن بھی رہے۔1977 میں وہ جنتا پارٹی سے پہلی بار یوپی کے وزیر بنے، جب کہ 1989 میں وہ پہلی بار اتر پردیش کے چیف منسٹر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ ملائم سنگھ یادو نے 1992 میں سماج وادی پارٹی کی بنیاد رکھی اور 1993 میں بہو جن سماج پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی۔ان کی آخری رسومات تمام سرکاری اعزازات کے ساتھ منگل کو سیفئی میلہ گراؤنڈ پر رکھا جائے گا دن میں 3 بجے ادا کی جائیں گی جبکہ صبح 10 بجے آخری دیدار کے لئے رکھا جائے گا۔ یوپی حکومت نے تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔