ملائم سنگھ یادو کی بھانجی ‘ بی جے پی امیدوار

   

مین پوری ۔ سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کی بھانجی سندھیا یادو نے مین پوری میں ضلع پنچایت رکن انتخابات میں بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ سندھیا فی الحال مین پوری ضلع پنچایت کی صدر ہیں اور انہیں اس عہدہ پر 14 جنوری 2015 کو سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب کیا گیا تھا ۔ وہ 2017 میں بی جے پی میں شامل ہوگئی جبکہ ایک مقامی رکن اسمبلی راج کمار نے ان کے خلاف ضلع پنچایت میں تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی ۔ اس تحریک کو حالانکہ شکست ہوگئی تاہم سندھیا نے سماجوادی پارٹی سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ سندھیا سابق رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو کی بہن اور سابق چیف منسٹر اکھیلیش یادو کی کزن ہیں۔ انہوں نے اب وارڈ 18 سے بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ داخل کیا ہے ۔ ان کے شوہر انوجیش پرتاپ یادو اور ضلع بی جے پی صدر پرادیپ چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔