ملائیشیاء نے 200 روہنگیائی پناہ گزینوں کی کشتی کو واپس بھیج دیا

   

کوالالمپور ۔ /17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیائی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے تقریباً 200 مسلم روہنگیائی مسلمانوں کو لانے والی ایک کشتی کو روک کر واپس بھیج دیا جو اس ملک میں غیر قانونی طور پر داخلہ کی کوشش کررہے تھے ۔ ایرفورس نے جمعرات کو دیرگئے اپنے بیان میں کہا کہ اطراف و اکناف کے علاقہ کی نگرانی کرنے والے ایک طیارہ نے شمالی جزیرہ میں تقریباً 70 سمندری میل (130 کیلو میٹر) ایک کشتی کو گزرتے ہوئے دیکھا تھا ۔ ملائیشیائی فضائیہ نے کہا کہ چھوٹی کشتیوں نے اس کشتی کو روک لیا ۔ اس دوران یہ تشویش پھیل گئی تھی کہ پناہ گزین کہیں اس ملک میں کورونا وباء لاسکتے ہیں ۔ فضائیہ نے کہا کہ بحریہ نے انسانی بنیادوں پر ان پناہ گزینوں میں غذا تقسیم کی ۔ تاہم یہ نہیں بتایا کہ یہ کشتی کس طرف روانہ ہورہی تھی اور پناہ گزینوں کی حالت کیسی تھی ۔