کوالالمپور : پولیس نے 20 فلاحی سینٹرز پر چھاپوں کے دوران 402 بچوں کو بازیاب اور 171 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ سینٹرز گلوبل اخوان نامی گروپ کے تحت چلائے جا رہے تھے۔ ملائیشیا میں ایک پولیس کارروائی کے دوران بیس ایسے فلاحی مراکز یا ویلفیئر ہومز پر چھاپے مارے گئے ہیں، جہاں مبینہ طور پر سینکڑوں بچوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ حکام کے مطابق چہارشنبہ کے روز کی جانے والی اس کارروائی کے دوران 402 بچوں کو بازیاب جبکہ ان اداروں کے نگران اور اساتذہ سمیت 171 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ ویلفیئر ہومز گلوبل اخوان سروسز اینڈ بزنس ہولڈنگز نامی ایک گروپ چلا رہا تھا، جس کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد اسلامی طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔ اس بزنس گروپ کے بانی اشعری محمد تھے، جو اسلامی فرقے الارقم کی قیادت بھی کرتے رہے تھے۔ تاہم 1994ء میں ملائیشیا کی حکومت نے اس فرقے پر پابندی عائد کر دی تھی۔