ملازمتوں کیلئے امریکی شہریوں کو ترجیح دینے کا حکم

   

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وفاقی اداروں میں غیر ملکی ملازمین پر امریکی شہریوں کو ترجیح دینے کے ایک حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔وائیٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ایگزیکٹو آرڈر کی وجہ سے وفاقی اداروں کو پابند کیا جا سکے گا کہ وہ نا منصفانہ طریقے سے امریکیوں کو ملازمتوں سے ہٹا کر کم تنخواہوں پر غیر ملکی ملازمین کو نہ رکھیں۔پیر کو جاری ہونے والے ایگزیکٹو آرڈر کا اطلاق تمام وفاقی اداروں پر ہو گا اور وہ اپنا انٹرنل آڈٹ مکمل کرنے کے بھی پابند ہوں گے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ وہ مسابقتی عہدوں پر امریکی شہریوں کو ملازمت دے رہے ہیں یا نہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اْنہوں نے یہ حکم ٹینیسی ویلی اتھارٹی (ٹی وی اے) کے حالیہ اقدام کے ردِ عمل میں اٹھایا ہے جس نے ٹیکنالوجی سے متعلق اپنی 20 فی صد ملازمتیں غیر ملکی کمپنیوں کو آؤٹ سورس کرنے کا اعلان کیا تھا۔