سدی پیٹ ٹی آر ایس ضلع ہیڈکوارٹر پر ٹیٹ کی مفت کوچنگ سنٹر کا افتتاح، ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے آئندہ دو تین ماہ تک نوجوانوں کو اسمارٹ فونس اور سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرکے ملازمتوں کیلئے دل لگا کر محنت کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ دو ماہ سر نیچے رہتا ہے تو پھر زندگی بھر سر اٹھاکر جینے کا موقع ملے گا۔ سدی پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر ٹی آر ایس آفس پر ٹیٹ کی مفت کوچنگ سنٹر کا افتتاح کرکے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حیدرآباد سے بہتر یہاں کوچنگ دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ 2015ء میں کانسٹیبل ملازمتوں کیلئے مفت کوچنگ کا انتظام کیا گیا تھا۔ 1000 امیدواروں نے کوچنگ لی اور 800 کوالیفائی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ اس وقت کامیاب ہوگا جب آپ کو ملازمت حاصل ہوگی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کریگی ۔ ہر ضلع میں بڑے پیمانے پر تقررات ہوں گے اور مقامی عوام کو 95 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا ۔ محنتی افراد ضرور کامیاب ہوں گے۔ وہ ملازمتوں کے حصول کیلئے تیاری کرنے والے تمام امیدواروں سے اپیل کرتے ہیں کہ دو ماہ تک اسمارٹ فونس اور سوشیل میڈیا سے دور رہے اور کوچنگ سنٹرس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی زندگیوں کو سنوار لیں۔ ملازمتوں میں تقررات کا عمل بالکل شفاف ہوگا۔ میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب ہوگا۔ن