ملازمت کے دوران ناگہانی موت پر خاندان کو ملے گا 7 لاکھ روپئے کا مفت انشورنس

   

بغیر کسی پریمیم اور میڈیکل ٹسٹ کے لائف انشورنس ، EDLI اسکیم بنی بڑا مالی سہارا
حیدرآباد 4 جون ( سیاست نیوز ) پرائیوٹ سیکٹر خانگی کمپنیوں میں برسرکار ملازمین کیلئے ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (EPFO) کی جانب سے ایک انتہائی فائدہ مند اور مفت لائف انشورنس سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ جسے Employees Deposit Linked Insurance ( EDLI ) اسکیم کہا جاتا ہے ۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد ملازم کی ناگہانی موت کی صورت میں ارکان خاندان کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ اگر کوئی (PF) ممبر ملازمت کے دوران کسی حادثاتی ، قدرتی یا بیماری کے باعث فوت ہوجائے تو اس کے نامزد شخص (Nominee) یا خاندان کو 7 لاکھ روپئے تک کی یکمشت رقم بطور انشورنس کلیم ملتی ہے ۔ اس اسکیم کی بڑی خاصیت یہ ہے کہ اس لائف انشورنس کیلئے ملازم کو اپنی جیب سے ایک روپیہ بھی پریمیم ادا نہیں کرنا پڑتا اور نہ کسی میڈیکل ٹسٹ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ملازم کا پی ایف اکاونٹ کھلتے ہی وہ خود بخود اس اسکیم کا حصہ بن جاتا ہے ۔ پریمیم کی پوری رقم ( ملازم کی بنیادی تنخواہ اور ڈی اے کا 0.5 فیصد ) کمپنی یا آجر ( Employer ) کی طرف سے ادا کی جاتی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ کلیم کی حد 7 لاکھ روپئے ہے ۔ جبکہ کم از کم ڈھائی لاکھ روپئے کا کلیم لازمی طور پر ملتا ہے ۔ بشرطیکہ ملازم نے موت سے ٹھیک پہلے مسلسل 12 ماہ تک نوکری کی ہو ۔ ملازم کی سرویس کے دوران موت پر انشورنس کی یہ رقم نامزد شخص ( نامنی ) بالخصوص ملازم نے اپنے پی ایف اکاونٹ میں جس شخص کا نام درج کیا ہو اس کو ملتی ہے ۔ اگر کوئی نامزد شخص نہ ہو تو ملازم کی بیوہ ، بچے یا والدین اس رقم کے حقدار ہوتے ہیں ۔ اگر خاندان میں کوئی نہ ہو تو عدالت سے سکسیشن سرٹیفیکٹ پیش کرنے والا وارث کلیم کرسکتا ہے ۔ ملازم کی موت کے بعد خاندان کا کوئی فرد یا نامزد شخص (EPFO) کے پاس انشورنس کی رقم کیلئے کلیم دائر کرسکتا ہے ۔ کلیم کرنے form 51F بھرا جاتا ہے ۔ اسے پی ایف اور پنشن کے دیگر فارمس ( Form 20 اور Form 10D ) کے ساتھ جمع کیا جاسکتا ہے ۔ اس فارم پر کمپنی ذمہ داروں سے دستخط اور تصدیق کروانا لازمی ہے جہاں ملازم برسر روزگار تھا ۔ اگر کمپنی بند ہوچکی ہو تو بینک منیجر یا گزیٹیڈ آفیسر سے تصدیق کروائی جاسکتی ہے ۔ فارم کے ساتھ ملازم کا ڈیتھ سرٹیفیکٹ ، کلیم کرنے والے کا آدھار کارڈ ، پین کارڈ اور بینک اکاونٹ کی تفصیلات ، کینسل چیک یا پاس بک منسلک کرنا ہوتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تمام دستاویزات کی آن لائن یا آف لائن تصدیق کے بعد انشورنس کی رقم اندرون 30 یوم راست دعویدار کے بینک اکاونٹ میں منتقل کی جاتی ہے ۔ ملازمین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ پی ایف اکاونٹ میں ای نامنیشن (E-Nomination) لازمی مکمل رکھیں تاکہ ضرورت کے وقت ان کے خاندان کو کلیم حاصل کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ 2/m/b