ملازمت کے نام دھوکہ اور خاتون کو قتل کرنے والے ملازمین کے خلاف پی ڈی ایکٹ

   

کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار کے احکامات
حیدرآباد /6 فروری ( سیاست نیوز ) معروف کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دیکر دھوکہ دینے والے ایک شخص اور جنسی خواہش پوری نہ کرنے پر ایک خاتون کا قتل کرنے والے شخص کے خلاف سائبرآباد کمشنر نے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کردئے ۔ ایویناش ریڈی اور شیوا گوڑ کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ ایوناش ریڈی گچی باؤلی علاقہ کا ساکن ہے ۔ جس نے انجینئیرنگ کی تکمیل کے بعد سال 2015 میں کڑپہ سے حیدرآباد کا رخ کیا ۔ یہ شخص فلم انڈسٹری میں کام کرنے کا خواہش مند تھا ۔ جس نے حیدرآباد آنے کے بعد اپنی عیش پسند زندگی کیلئے بے روزگار نوجوانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ۔ سوشیل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اس نے روزگار کے متلاشی اعلی تعلیم یافتہ افراد کو نشانہ بنایا اور آئی بی ایم جیسی کمپنی میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر تقریباً 26 بے روزگار نوجوانوں سے 21 لاکھ روپئے ہڑپ لئے ۔ اس شخص کے خلاف 4 مقدمات درج ہیں ۔ شاہ میر پیٹ مادھاپور کے علاقہ باپو پلی میں بھی یہ شخص ملوث تھا ۔ کمشنر پولیس نے اس کی غیر سماجی اور دھوکہ باز حرکتوں کو دیکھتے ہوئے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں کمشنر پولیس سائبرآباد نے 25 سالہ شیوا گوڑ کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ جگت گیری گٹہ علاقہ کا ساکن گوڑ ایک لڑکی سے بہت زیادہ محبت کرتا اور اس کے حرکتوں سے وہ خوش نہیں تھا ۔ اس نے ڈی درگا نامی لڑکی سے جنسی خواہش پوری کرنے کا مطالبہ کیا اور بغیر شادی کے ازدواجی تعلقات کو قائم کرنے کامطالبہ کیا ۔ لیکن لڑکی نے اس کی حرکت سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے صاف طور پر اس کی پیشکش کو مسترد کردیا ۔ اس بات پر برہم شیوا گوڑ نے ریلوے اوور بریج کومپلی کے قریب اس لڑکی پر قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ سال 2018-19 میں شیوا گوڑ چار وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ہے ۔ پیٹ بشیرآباد اور جگت گیری گٹہ حدود میں اس نے وارداتیں انجام دیں ۔ کمشنر پولیس نے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔