سرکاری ملازمین کو سالِ نوکا تحفہ
تمام سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات، 9 لاکھ سے زائد ملازمین کو فائدہ، سفارشات کیلئے 3 رکنی کمیٹی کی تشکیل
فبروری تک اعلانات پر عمل آوری
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری ملازمین کیلئے سال نو کے موقع پر مختلف تحائف کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے سرکاری ملازمین پی آر سی پر عمل آوری اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کا انتظار کررہے تھے۔ اس کے علاوہ بے روزگار نوجوانوں کو مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا انتظار تھا۔ سال نو سے قبل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ اور تمام سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی ہے۔ حکومت کے اس فیصلہ سے ریاست میں 9.37 لاکھ ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے سلسلہ میں جو بھی اضافی بوجھ ہوگا ضرورت پڑنے پر حکومت برداشت کرے گی۔ چیف منسٹر نے سرکاری ملازمین سے متعلق تمام مسائل کی فبروری تک یکسوئی کا عہد کیا ہے جن میں تنخواہوں میں اضافہ، ریٹائرمنٹ ایج میں اضافہ، ترقی اور تبادلے، سرویس رولس کو آسان بنانا، ملازمین کے سبکدوشی کے وقت تمام ریٹائرمنٹ بینفٹس کی ادائیگی کے ساتھ گرمجوشانہ وداعی اور متبادل تقررات جیسے اُمور شامل ہیں۔ تنخواہوں میں اضافہ تمام سرکاری ملازمین، گرانٹ اِن ایڈ ملازمین، ورک چارجڈ ملازمین، ڈیلی ویجس ملازمین، فُل ٹائم و پارٹ ٹائم ملازمین، ہوم گارڈز، آنگن واڑی ورکرس، کنٹراکٹ اینڈ آؤٹ سورسنگ ملازمین، آشا ورکرس، ودیا ولینٹرس، ایس ای آر پی ملازمین اور اعزازیہ حاصل کرنے والے ملازمین کیلئے قابل عمل رہے گا۔ وظیفہ یاب ملازمین کیلئے بھی اضافہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں پرنسپل سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری ایریگیشن رجت کمار بحیثیت ارکان شامل کئے گئے ہیں۔ یہ کمیٹی سرکاری ملازمین کے مسائل اور پے رویژن کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لے گی۔ پے ریویژن کمیشن جنوری کے پہلے ہفتہ میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔ مذکورہ کمیٹی ملازمین کی یونینوں اور اسوسی ایشنوں کے ساتھ جنوری کے دوسرے ہفتہ میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ، وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ، سرویس رولس کو آسان بنانا، پروموشن رولس اور دیگر قانونی رکاوٹوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی سفارشات پر ریاستی کابینہ قطعی فیصلہ کرے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا جائے۔ چیف سکریٹری کی قیادت میں کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ تنخواہوں میں کس قدر اضافہ ہو، وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں کتنی توسیع کی جائے اور سرویس رولس کس طرح آسان کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں ملازمین کی تمام تنظیموں سے مشاورت کے بعد حکومت کو سفارشات پیش کی جائیں گی جس کے فوری بعد کابینی اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔
مرکز کی سرکاری ملازمت، گریجویٹ امیدوار اہل
حیدرآباد:مرکز کی سرکاری ملازمتوں کیلئے اسٹاف سلیکشن کمیشن کی جانب سے ملک گیر سطح پر مسابقتی امتحان منعقد کیا جارہا ہے۔ کسی بھی مضمون کے گریجویٹ امیدوار اہل ہیں۔مختلف محکمہ جات میں تقررات کیلئے سی جی ایل امتحان ہوتا ہے۔ ڈگری امیدوار کی رہنمائی کیلئے محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر 4 بجے تا 7 بجے شام رابطہ کریں۔ روزنامہ سیاست کے کیریئر گائیڈنس پروگرام کے تحت مرکزی و ریاستی حکومتوں کی ملازمتوں کیلئے امیدواروں کی رہنمائی جاتی ہے۔
