بنگلورو : چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومئی نے آج یہاں کہاکہ ریاست میں یکم اپریل سے برسر کار خواتین اور اسکولی بچوں کو بس کے مفت سرویس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے والوو ملٹی ایکسل سلیپر کی بسوں کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے مخاطب تھے۔ کرناٹک میں رواں سال اسمبلی چناؤ ہونے والے ہیں۔ برسر اقتدار بی جے پی نے الیکشن سے قبل مختلف شعبوں میں عوام کے لئے پُرکشش اسکیمات اور فری سرویس کے اعلانات شروع کردیئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ریاست میں منی اسکول بسیں متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔ اسکولوں کے آغاز کے وقت کم از کم 5 بسیں ہر تعلقہ میں چلائی جانی چاہئے۔ اِس ضمن میں ریاستی حکومت مزید گرانٹس جاری کرے گی۔ اُنھوں نے بعض دیگر اسکیمات کا اعلان بھی کیا۔