پام آئیل کے شعبہ میں تلنگانہ کے ساتھ بہتر تعاون پر زور
حیدرآباد ۔17 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ملایشیا کے اعلیٰ سطحی وفد نے آج چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کی اور آئیل پام کے شعبہ میں تلنگانہ کے ساتھ پارٹنرشپ کے امکانات پر بات چیت کی ۔ ملایشیا کی پام آئیل کونسل کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر وان عائشہ حامد ، پروموشن اینڈ کمیونکیشن ڈیویژن کی مس رضیتہ رزاق ، ملایشیا کے پام آئیل کونسل کی رکن روچی سریواستوا ، ڈائرکٹر جنرل ملایشین پام آئیل بورڈ ڈاکٹر احمد پرویز غلام قادر ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر پام آئیل سرٹیفکیشن کونسل حاجی داؤد اور محمد حارث بن عبداللہ وفد میں شامل تھے۔ چیف سکریٹری نے ملایشیا کے وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ریاست میں آئیل پام شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ 20 لاکھ ایکر اراضی پر مرحلہ وار پام کی کاشت کا فیصلہ کیا گیا ۔ بڑے پیمانہ پر ملایشیا سے بیج درآمد کیا جاتا ہے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ پام آئیل کے شعبہ میں ملایشیا اور تلنگانہ کے درمیان تعاون کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے وفد کے ارکان سے خواہش کی کہ بیج اور پودوں کی سربراہی کے سلسلہ میں منظوری میں تاخیر نہ کریں۔ انہوں نے ملایشیا کے پام آئیل شعبہ میں تلنگانہ کے نوجوانوں کو روزگار کے امکانات کا جائزہ لینے کی خواہش کی۔ اس موقع پر او ایس ڈی تلنگانہ بھون سنجے جاجو ، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ ، اسپیشل سکریٹری انڈسٹریز وشنو وردھن ریڈی، انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر نرسمہا ریڈی ، ڈائرکٹر فوڈ پروسیسنگ سوسائٹی محمد عقیل اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر