حیدرآباد : /14 جولائی (پریس نوٹ ) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو کالاپتھر پولیس اسٹیشن کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ 19 درخواستیں مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے وصول ہوئی ۔ جملہ 20 نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کی ہدایت پر سکندرآباد قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا خلیل حسین قادری امام و خطیب مسجد حسینی نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں محمد حسین قادری عارف کے علاوہ محمد مجتبیٰ حسین قادری ، ریان شیخ نعیم شیخ عبدالمکرم ، سید زبیر ہاشمی ، خواجہ حمیدالدین سوشیل ورکر موجود تھے ۔ اس موقع پر جناب محمد نصیرالدین نے کہا کہ موت ایک بہترین نعمت ہے جو اپنے پروردگار سے ملنے کا واحد ذریعہ ہے ۔ انہوں نے مزید قرآن شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک اپنے کلام میںفرماتے ہیں جب بندہ کا انتقال ہوتا ہے اُس کے قریب ہم رہتے ہیں یا تم ، اللہ پاک کے بعد کسی کی ضرورت باقی نہیں ۔ سید عبدالمنان ، محمد محسن خان ، محمد عبدالجلیل ، محترمہ بشریٰ تبسم اور فوزیہ خان نے ملت فنڈ میںتعاون کرنے والوں کے حق میں دعا کی ۔