ملت فنڈ میں 20لاکھ روپئے کے عطیہ کی ستائش

,

   

نرمل میں جناب عامر علی خاں کے اس کارنامہ پر علمائے کرام و دیگر کا اظہار خیال
نرمل۔/15 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایک بے لوث صحافی جناب عامر علی خاں نے اپنے سیاسی سفر کے آغاز میں ہی اس بات کو ثابت کردیا کہ وہ ایک بے لوث عوامی رہنما ہیں۔ اپنی جانب سے قانون ساز رکن کی حیثیت سے دس ماہ کی تنخواہ 20 لاکھ روپئے کی رقم کو انہوں نے ملت فنڈ میں جمع کرتے ہوئے فلاحی کاموں کے لئے یہ رقم خرچ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس اقدام کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی الیاس احمد قاسمی رکن ریاستی حج کمیٹی و جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء نرمل و مفتی کلیم احمد مظاہری صدر جمعیۃ علماء نرمل نے آج مقامی دفتر سیاست میں جلیل ازہر سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر روز نامہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان حضرات نے بتایا کہ آج کے اس پُرآشوب دور میں جہاں خود غرضی کا جذبہ کافی پروان چڑھ رہا ہے ایسے ماحول میں عامر علی خاں نے اپنی تنخواہ غریب لوگوں پر ملت فنڈ کے ذریعہ خرچ کرنے کیلئے جوقدم اٹھایا ہے اس کی مثال ہم نے سیاسی تاریخ میں اب تک نہیں دیکھی، یہ صاحب ثروت رہنماٰں کیلئے ایک مثال سے کم نہیں۔ پاکیزہ سوچ کے مالک نئی نسلوں کی تربیت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے جناب عامر علی خاں بحیثیت صحافی جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ کھلی کتاب کی طرح ساری دنیا کے سامنے ہے۔ جناب کے والد محترم زاہد علی خاں صاحب کی تربیت کا اثر کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کیونکہ پھول پر باغ کی مٹی کا اثر ضرور آتا ہے۔ اخبار’ سیاست‘ کے کن کن کارناموں پر روشنی ڈالی جائے کیونکہ آج اس ادارہ کا تاریخ ساز کارنامہ جو ایک مثال بن چکا ہے زندہ لوگوں کی فکر کرنے کو کوئی تیار نہیں لیکن سیاست نے لاوارث نعشوںکی تدفین کا جو بیڑہ اٹھاتے ہوئے اب تک چھ ہزار سے زائد نعشوں کی تدفین ساست فنڈ سے کی ہے۔ آج ان کی خدمات کے تناظر میں انہیں قانون ساز کونسل کا رکن بنایا گیا اور انہوں نے اپنی دس ماہ کی تنخواہ ملت فنڈ میں جمع کی۔ ان کے جذبات کا ہم احترام کرتے ہیں اور صاحب ثروت افراد سے درخواست کرتے ہیں کہ وقت نکال کر ہم غریبوں کی دنیا میں بھی جھانک کردیکھیں، درد کی زمین پر تکلیفوں کے سائے میں پانی کی جگہ آنسو پی کر غریب کیسے جیتے ہیں۔ ہم اس قابل تو نہیں کہ عامر علی خان صاحب کو کوئی انمول خزانہ بھیج سکیں، پر دل سے دعاء ہے کہ خزانوں کے مالک اللہ تعالیٰ ان کو اپنی رحمتوں کے ہر خزانے سے نوازدے۔ واضح رہے کہ عامر علی خاں صاحب کے اس اقدام سے ہر گوشہ میں زبردست ستائش ہورہی ہے۔