حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن چارمینار کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 11 درخواستیں تدفین کی غرض سے موصول ہوئیں۔ جملہ 12 نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے سکندرآباد کے قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید عبد الماجد نائب صدر مسجد عرفات ایس آر ٹی کالونی یاقوت پورہ نے پڑھائی جبکہ مولانا سید عبد الحفیظ اشرفی نے دعا کی۔ نماز جنازہ میں سماجی کارکن محمد حمید الدین، شیخ نعیم کے علاوہ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی خلیفہ علامہ مدنی میاں اشرفی بھی شریک تھے۔ محمد خالد صدر مسجد سونابی عبداللہ جو اس وقت عمرہ کے لئے گئے ہوئے ہیں نے اطلاع دی کہ وہ جناب زاہد علی خاں صاحب ایڈیٹر سیاست کے لئے ان کی صحت اور درازیٔ عمر کے لئے دعا کی۔ مرحومین کی مغفرت کے ساتھ ساتھ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے بھی دعا کی گئی۔ محمد نصیر الدین میزبان فنکشن پلازہ نے دعا کی کہ مرحومین کے آخری سفر میں کسی بھی نوعیت سے جنہوں نے مدد کی اللہ پاک ان کو اجر عظیم عطا فرمائے آمین۔ محترمہ بشریٰ تبسم صاحبہ نے کہا کہ موت ایک بہترین نعمت ہے جو اپنے رب سے ملنے کا واحد ذریعہ ہے۔ سید عبدالمنان اور محمد عبدالجلیل نے ورثاء کے لئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہوں اللہ پاک ان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔