ملت فنڈ کی جانب سے ایک ہی دن میں 23 مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد : /13 اگست (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن چندرائن گٹہ کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ مختلف پولیس اسٹیشنوں سے 22 درخواستیں تدفین کی غرض سے وصول ہوئی جملہ 23 مسلم نعشوں کو حاصل کرکے قبرستان سکندرآباد میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب مسجد محمدیہ کشن باغ نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں خواجہ حمیدالدین جہاں نما ، سماجی کارکن کے علاوہ شیخ نعیم الدین ، سید امیر الدین ، صوفی شاہ محمد اکرم حسینی القادری ، محمد جنید ، سید زبیر ہاشمی ، محمد مکرم ، عبدالشاکر موجود تھے ۔ سید منیرالدین نے حدیث شریف کے حوالے سے بتایا کہ اگر کوئی میت کیلئے کفن دیتا ہے تو اللہ پاک جنت میں باریک اور ایک حدیث کے مطابق موٹا ریشم کا لباس عطا کریں گے جو اس کے لئے بڑا اعزاز ہوگا ۔ معتمد مسجد مالن بی محمد ہاشم علی قادری نے فرمایا کہ کسی بیمار کی مزاج پرسی کے لئے جائے تو 70 ہزار فرشتے اس کی مغفرت کی دعا کرتے ہیں اور کوئی میت میں شریک ہو اور ایسی میت جس کا کوئی نہیں تو اس کے اجر کا ہم کیا اندازہ لگاسکتے ہیں ۔ سید عبدالمنان بشری تبسم صاحبہ ، صوفیہ خان اور محمد محسن خان نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے دعا کی ۔ کیونکہ ان ہی کے تعاون سے ادارہ سیاست زاہد علی خان صاحب کی سرپرستی میں برسوں سے یہ خدمات انجام دے رہے ہیں ۔