حیدرآباد ۔ 14 ۔نومبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو میر چوک پولیس اسٹیشن کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں صاحب کی ہدایت پر دواخانہ عثمانیہ سے نعش حاصل کر کے سکندرآباد قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ نے پڑھائی جبکہ مولانا سید معزالدین اشرفی خلیفہ علامہ مدنی میاں اشرفی الجیلانی نے دعا فرمائی۔ مرحوم کے فرزند محمد عامر نے کہا کہ والد صاحب کام سے گئے تھے اور واپس گھر نہ آنے پر مختلف مقامات پر ان کی تلاش کی گئی ۔ تقریباً دو ماہ کے بعد میر چوک پولیس کے ذریعہ اطلاع ملی کہ ان کا انتقال ہوگیا اور ادارہ سیاست کے ذریعہ ان کی تدفین عمل میں آئی ۔ مرحوم کے فرزند نے ادارہ سیاست پہنچ کر ایڈیٹر جناب زاہد علی خاں صاحب سے اظہار تشکر کیااور سکندرآباد کے قبرستان پہنچ کر مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر محمد نصیرالدین منیر فنکشن پلازا نے کہا کہ بعض لوگ اپنی زندگی میں ہی اپنی قبر تیار کر کے رکھ لیتے ہیں۔ اللہ بہتر جانتا ہے کہ کب کس کی موت کہاں ہوگی۔ بہتر ہے کہ ہم جنت البقیع کیلئے دعا مانگیں۔ محترمہ بشریٰ تبسم، صوفیہ خان ، محمد محسن خان ، سید عبدالمنان نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعا کی اور کہا کہ اللہ مرحوم کے ورثا کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔ مرحوم کے پسماندگان میں دو فرزندان محمد عامر ، محمد عرفان کے علاوہ چار لڑکیاں ہیں۔