حیدرآباد ۔6۔ اپریل ( پریس نوٹ ) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کو پولیس اسٹیشن فلک نما کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد ، سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 9 درخواستیں وصول ہوئیں ۔ جملہ 10 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے سکندرآباد قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد کشن باغ نے بعد نماز فجر پڑھائی جبکہ گاندھی ہاسپٹل سے دستیاب نعش کی نماز جنازہ سید زاہد حسین شاہ قادری نے پڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 2003 سے عالی جناب زاہد علی خاں نے لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین کا آغاز کیا اور اس سلسلہ میں حضرت مولانا غلام نبی شاہ صاحب ؒ کو صدر بنایا اور حضرت کافی دنوں تک نماز جنازہ پڑھایا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ مولانا محمد حمید الدین عاقل حسامی ؒ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا قبول پاشاہ شطاری ، مولانا ارشد قاسمی ، مسجد حضارم مولانا جعفر پاشاہ ، صادق محی الدین، مفتی خلیل احمد جامعہ نظامیہ، مولانا سید خواجہ معیز الدین اشرفی ، مولانا اکبر نظام الدین کے علاوہ بہت سارے علماء کو نماز جنازہ پڑھانے کا شرف حاصل ہے۔آج کی نماز جنازہ میں حمید الدین جہاں نما، سماجی کارکن عثمان الہاجری، آصف کاروان کے علاوہ دیگر شریک تھے۔ محترمہ بشریٰ تبسم جو سکندرآباد کی ساکن اپنے شوہر سید عبدالمنان کے ساتھ اکثر کفن کا انتظام کرتی ہیں نے کہا کہ اللہ پاک جناب زاہد علی خان کی سرپرستی میں خدمت کو قبول فرمائے۔ محمد عبدالجلیل نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعا کی کہ اللہ پاک دنیا اور آخرت دونوں میں اس کا نعم البدل عطاء فرمائے ۔ (آمین)